میر رضا قتل کیس: اب تک 41 افراد کے بیانات قلمبند، تحقیقات میں اہم پیش رفت.

24

کراچی: نوجوان تاجر میر رضا کے قتل کیس کی تحقیقات جاری ہیں، تفتیشی ذرائع کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 41 افراد کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا کے دوستوں، کاروباری شراکت دار، گیسٹ ہاؤس کے عملے اور دیگر متعلقہ افراد سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے، جبکہ مقتول کی جانب سے جن افراد کو رقم ادا کی جانی تھی، ان کی فہرست بھی تیار کرلی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق گیسٹ ہاؤس سے متعلق تمام اہم تفصیلات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔ مکان کے مالک نے بروکر کے ذریعے مکان ایک شخص کو کرائے پر دیا، جس نے بعد ازاں اسے دوسرے شخص کو گیسٹ ہاؤس کے لیے کرائے پر دے دیا۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ضابطۂ فوجداری (CRPC) کی دفعہ 160 کے تحت کسی بھی متعلقہ شخص کو شاملِ تفتیش کیا جا سکتا ہے۔ میر رضا کی دونوں میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے، جبکہ جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ رپورٹ بھی پولیس کو موصول ہو چکی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی پی ڈی آر کی تفصیلات اور اسمارٹ واچ کی فرانزک رپورٹ کے حصول میں مزید کچھ وقت لگ سکتا ہے، جس کے بعد تفتیش میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں