ایبٹ آباد: فلٹریشن پلانٹ تنازع، ڈسٹرکٹ بار کا اے سی کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان

11

ایبٹ آباد – کچہری احاطے میں زیرِ تعمیر واٹر فلٹریشن پلانٹ کے معاملے پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ایبٹ آباد اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان کشیدگی سنگین صورت اختیار کر گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ بار نے اس معاملے پر اے سی ایبٹ آباد کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔
ڈسٹرکٹ بار کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کی گرانٹ سے 20 لاکھ روپے کی لاگت سے فلٹریشن پلانٹ تعمیر کیا جا رہا ہے تاکہ روزانہ کچہری آنے والے سائلین اور شہریوں کو صاف پانی فراہم کیا جا سکے۔ بار کا مؤقف ہے کہ 13 اگست کو اے سی ایبٹ آباد افراس یاب زبیر نے بغیر پیشگی نوٹس کے تعمیراتی کام میں مداخلت کرتے ہوئے پلانٹ کی دیوار گرانے کی کوشش کی، جس پر وکلا اور انتظامیہ کے درمیان کشیدگی پیدا ہوئی۔
بار نے الزام عائد کیا کہ اے سی کی جانب سے وکلا اور عدالتی عملے کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ:
· معاملے پر چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ اور رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ سے رابطہ کیا جائے گا
· اے سی ایبٹ آباد کے خلاف عدالتی احکامات کی خلاف ورزی اور دیگر الزامات پر قانونی و دیوانی کارروائی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے
· صوبائی حکومت سے بھی معاملے کا نوٹس لینے اور اے سی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے
اگرچہ اس تنازعہ کے فریقین اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں، مگر اب تک سامنے نظر آنے والے غیر ضروری جذباتی دعووں، نعروں اور بیانات کے علاوہ کوئی دانشمندانہ رویہ دیکھنے میں نہیں آیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں