وزیراعلیٰ پنجاب کا نیا وژن: تھانوں میں اینٹی کرپشن اہلکار تعینات، عوام کی رائے کی بنیاد پر ایس ایچ اوز کی کارکردگی جانچی جائے گی.

28

لاہور – وزیراعلیٌ پنجاب مریم نواز شریف نے پولیس تھانوں میں کرپشن کے خاتمے کے لیے ایک نیا اور انوکھا منصوبہ شروع کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ہر تھانے کے باہر سادہ کپڑوں میں اینٹی کرپشن کے اہلکار مختلف اوقات میں ڈیوٹی دیں گے۔
ذرائع کے مطابق، اینٹی کرپشن اہلکار تھانے سے نکلنے والے عوام سے پوچھیں گے کہ آیا ان کا کام “پیسے دے کر” ہوا ہے یا “مفت”۔ اس کے علاوہ، تھانے کے علاقے میں مختلف لوگوں سے ایس ایچ او اور تھانے کے عملے کے بارے میں رائے لی جائے گی ۔
وزیراعلیٰ کے اس وژن کے تحت، عوام کی رائے کی بنیاد پر ایس ایچ او اور دیگر عملے کی تعیناتی کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ اس کا مطلب ہے کہ تھانے کی کارکردگی اور شہریوں کے ساتھ رویہ براہِ راست ایس ایچ او کی پوسٹنگ کو متاثر کرے گا۔
مریم نواز شریف نے کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات سے تجاوز کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو کرپشن، رشوت یا اختیارات کے غلط استعمال کا سامنا ہو تو وہ ہیلپ لائن 1350 پر اطلاع دیں ۔
ان کا کہنا ہے کہ “عوام کی ایک اطلاع کرپشن اور رشوت خوری کا پورا نیٹ ورک بے نقاب کرسکتی ہے” ۔ شکایت کنندہ کا نام مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا ۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ “عوام کا اعتماد ہی اس حکومت کا سب سے بڑا اثاثہ ہے، اس پر آنچ نہیں آنے دوں گی” ۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو ہاتھ عوام کے پیسے کی طرف بڑھے گا، وہ ہاتھ روکا جائے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں