اوگی ڈبی مار مائننگ: محکمہ جنگلات کی وضاحت، درختوں کی کٹائی این او سی کے تحت قرار

26

مانسہرہ – اگرور فارسٹ سب ڈویژن اوگی کی جانب سے بھجوائی گئی وضاحت میں چک ڈبی مار میں مائننگ لیز، رسائی سڑک اور درختوں کی کٹائی سے متعلق محکمہ جنگلات کا مؤقف سامنے آیا ہے۔
وضاحت کے مطابق مائننگ لیز نجی اراضی پر قائم ہے، تاہم مائننگ سائٹ تک جانے والی رسائی سڑک کا ایک حصہ سرکاری جنگلاتی اراضی سے گزرتا ہے۔
این او سی اور درختوں کی کٹائی
محکمہ جنگلات کے مطابق رسائی سڑک کی تعمیر اور استعمال کے لیے لیز ہولڈر نے مقررہ سرکاری طریقہ کار اور منظور شدہ ایس او پیز کے تحت متعلقہ مجاز حکومتی اتھارٹی سے باقاعدہ این او سی حاصل کیا تھا۔
سرکاری وضاحت میں کہا گیا ہے کہ منظور شدہ این او سی اور روڈ الائنمنٹ کے تحت سڑک کی تعمیر کے لیے تقریباً 90 چیڑ اور بلیو پائن کے درخت باقاعدہ طور پر مارک کیے گئے تھے، جنہیں منظور شدہ طریقہ کار کے مطابق ہٹایا گیا۔
محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ یہ کٹائی کسی غیر قانونی یا خفیہ کارروائی کا حصہ نہیں بلکہ این او سی کی شرائط کے تحت کی گئی۔
ترجمان کے مطابق منظور شدہ روڈ الائنمنٹ، مارک کیے گئے درختوں یا مقررہ حدود سے باہر کسی بھی قسم کی کٹائی جنگلاتی جرم تصور ہوگی اور اس کے خلاف خیبر پختونخوا فارسٹ آرڈیننس 2002 اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
زمینی تنازع اور حدبندی
وضاحت کے مطابق بعد ازاں بعض افراد نے منظور شدہ راستے کے کچھ حصوں پر ذاتی ملکیت کا دعویٰ کیا، جس کے باعث تنازع پیدا ہوا۔ زمینی اور قانونی صورتحال واضح کرنے کے لیے متعلقہ فریقین کی موجودگی میں حدبندی کی گئی، جبکہ بعد میں محکمہ مال کے ذریعے حلقہ پٹواری اور تحصیلدار کی موجودگی میں مشترکہ حدبندی بھی عمل میں لائی گئی۔
سرکاری وضاحت میں مزید بتایا گیا ہے کہ حدبندی اور موقع کے ایک تنازع کے دوران ایک فارسٹ گارڈ کو مبینہ طور پر سر پر شدید چوٹ آئی، جس کے معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ محکمہ جنگلات کے مطابق یہ فوجداری معاملہ الگ نوعیت کا ہے اور اسے پولیس اور عدالتی حکام قانون کے مطابق دیکھیں گے۔
محکمہ جنگلات کا مؤقف
محکمہ جنگلات نے واضح کیا ہے کہ:
· نہ تو جنگلاتی درختوں کی بلاامتیاز کٹائی کی اجازت دی گئی
· نہ ہی سرکاری جنگلاتی اراضی پر مائننگ کی اجازت دی گئی ہے
محکمہ کے مطابق اس کا کردار منظور شدہ این او سی پر عملدرآمد، سرکاری جنگلاتی اراضی کے تحفظ، منظور شدہ روڈ الائنمنٹ اور اس کی شرائط کی پابندی یقینی بنانا اور غیر مجاز کٹائی یا تجاوز کی روک تھام تک محدود ہے۔
اگرور فارسٹ سب ڈویژن اوگی کی جانب سے بھجوائی گئی وضاحت میں کہا گیا ہے کہ محکمہ جنگلات قانون کے شفاف اور غیر جانب دارانہ نفاذ کے لیے پرعزم ہے۔
کسی بھی مخصوص شکایت کی صورت میں دستاویزی یا قابلِ تصدیق شواہد فراہم کیے جائیں تو اسے میرٹ پر جانچا جائے گا، جبکہ قانون کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر ملوث فرد یا اہلکار کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں