ایبٹ آباد: کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیرِ صدارت آج پولیو کے خاتمے سے متعلق ڈویژنل ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا۔
جس میں ہزارہ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈی ایچ اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔کوآرڈینیٹر ای پی آئی ڈاکٹر طیّبہ نے اجلاس کو آئندہ پولیو مہم کے سلسلے میں اضلاع میں کی جانے والی تیاریاں، موجودہ صورتحال اور متوقع چیلنجز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر ہزارہ نے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ آپریشنل گیپس کو خود ذاتی طور پر چیک کریں اور جن مسائل کی نشاندہی ہو۔
انہیں اسی روز شام تک حل کیا جائے تاکہ مہم کے دوران کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ فنگر مارکرز کے معیار کی جانچ لازمی کی جائے، اور اگر کہیں بھی مارکر کے معیار سے متعلق کوئی مسئلہ سامنے آئے تو فوری طور پر اس کی تبدیلی یا متبادل فراہمی یقینی بنائی جائے۔کمشنر ہزارہ نے واضح کیا کہ پولیو مہم کو مؤثر بنانے اور اس کے معیار کو بہتر کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانا ناگزیر ہیں ۔
تاکہ خطے کو اس وبا سے ہمیشہ کے لیے پاک کیا جاسکے۔آخر میں انہوں نے زور دیا کہ سماجی شخصیات، تاجر برادری اور بااثر شخصیات کو مہم میں شامل کیا جائے تاکہ پولیو مہم کو زیادہ سے زیادہ مؤثر اور کامیاب بنایا جاسکے۔