بٹگرام : ضلع بٹگرام میں انسدادِ پولیو مہم دسمبر 2025 کی کارکردگی اور اہداف کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد نے کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بٹگرام، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ایاز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زاکر حسین، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بٹگرام، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ای پی آئی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد غلام اسحاق سمیت محکمہ صحت کے دیگر افسران نے شرکت کی۔
دورانِ اجلاس پولیو فوکل پرسن کی جانب سے ڈپٹی کمشنر بٹگرام اور اجلاس کے شرکاء کو پولیو مہم کے پہلے روز کے اہداف کے حصول سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے مہم کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کی کاوشوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ادارے ایک ٹیم کی طرح مل کر کام کریں۔
ڈپٹی کمشنر بٹگرام کا کہنا تھا کہ مؤثر آگاہی مہم کے نتیجے میں انکاری والدین کی شرح میں واضح کمی آئے گی، اور اگر یہی جذبہ اور رفتار برقرار رہی تو ضلع بٹگرام سمیت پورے ملک کو پولیو جیسے موذی مرض سے پاک کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ انکاری والدین کے شکوک و شبہات کو مؤثر دلائل اور آگاہی کے ذریعے دور کیا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔
ضلع بٹگرام میں پولیو مہم کی کامیابی کے لیے تمام پولیو ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔ پولیو ٹیموں کی مؤثر مانیٹرنگ کے لیے 120 ایریا سپروائزر تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے 727 پولیس اہلکار بھی مامور کیے گئے ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر پہلے اور دوسرے روز کی مجموعی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔