اپر کوہستان: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپر کوہستان طاہر اقبال کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن اور سیکیورٹی ہائی الرٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں تھانہ داسو پولیس نے داسو ڈیم سائٹ اور چینی باشندوں کے رہائشی کیمپس و مختلف ایریاز میں “سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن” کیا۔
تفصیلات کے مطابق:
ایس ڈی پی او سرکل داسو صاحبزادہ کی زیرِ نگرانی، ایس ایچ او تھانہ داسو عبدالصمد خان نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ داسو کی حدود میں واقع حساس مقامات، چینی کیمپس اور گردونواح کے علاقوں کو سرچ کیا۔ آپریشن کے دوران درجنوں مشکوک اشخاص کے کوائف کی جانچ پڑتال کی گئی اور خالی مکانات و زیر تعمیر عمارتوں کی مکمل تلاشی لی گئی۔
آپریشن کے بنیادی مقاصد امن و امان کا قیام، علاقے میں امن کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور شرپسند عناصر کی سرکوبی، داسو ڈیم پر کام کرنے والے چینی انجینئرز اور دیگر غیر ملکی ماہرین کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا، غیر قانونی اسلحہ اور مشکوک سرگرمیوں کا خاتمہ کرنا ہے۔
ڈی پی او طاہر اقبال نے جملہ آفسران کو ہدایت کی ہیکہ ضلع کو ہر قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں سے پاک رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک شخص، سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
اپر کوہستان پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار اور مستعد ہے۔