مانسہرہ میں صوبائی نائب صدر پاکستان تحریکِ انصاف خیبر پختونخوا کمال سلیم سواتی، جنرل سیکرٹری ہزارہ سردار محمد خان اور رکن صوبائی اسمبلی و ضلعی صدر پی ٹی آئی مانسہرہ اکرام اللہ غازی کی قیادت میں انصاف سیکرٹریٹ / حجرہ امجد سلیم خان میں 8 فروری کو ہونے والی شٹر ڈاؤن ہڑتال کے حوالے سے انجمن تاجران مانسہرہ کے ساتھ ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال، تاجر برادری کو درپیش مسائل اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئین و قانون کی بالادستی، عوامی مینڈیٹ کے تحفظ اور جمہوری اقدار کی بحالی کے لیے تاجر برادری کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
اس موقع پر کمال سلیم سواتی نے انجمن تاجران مانسہرہ کی قیادت کو 8 فروری کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ احتجاج پرامن، جمہوری اور عوامی حقوق کے حصول کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے تاجر برادری کے تعاون اور یکجہتی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مانسہرہ کے تاجر جمہوری جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
اجلاس میں شریک انجمن تاجران کے نمائندگان نے مشاورت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے عوامی مفاد اور جمہوری حقوق کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس کے اختتام پر ملکی استحکام، عوامی خوشحالی اور جمہوریت کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔








