بٹگرام میں بنوقابل آئی ٹی لیب کا افتتاح، نوجوانوں کے لیے مفت جدید آئی ٹی کورسز کا آغاز

15

بٹگرام: الخدمت فاؤنڈیشن ضلع بٹگرام کے زیرِ اہتمام آج جماعت اسلامی کے ضلعی دفتر، مرکزِ اسلامی بٹگرام میں بنوقابل آئی ٹی لیب کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں معزز مہمانوں، ضلعی ذمہ داران اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی، امیر جماعت اسلامی ضلع بٹگرام انور، صدر الخدمت فاؤنڈیشن غزن اقبال خان، ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد خان، جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی عہدیداران کے علاوہ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں شریک ہوئے۔

تقریب کے دوران بتایا گیا کہ ضلع بٹگرام میں پہلی مرتبہ اس نوعیت کی ایک بڑی اور جدید بنوقابل آئی ٹی لیب قائم کی گئی ہے، جہاں ضلع بھر کے نوجوانوں کو بالکل مفت جدید آئی ٹی کورسز فراہم کیے جائیں گے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ بنوقابل پروگرام امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کے وژن کا عملی مظہر ہے، اور انہی کی رہنمائی اور خصوصی توجہ کے باعث بٹگرام جیسے پسماندہ ضلع میں جدید آئی ٹی لیب کا قیام ممکن ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا جماعت اسلامی کی اولین ترجیح ہے۔
عبدالرزاق عباسی کا کہنا تھا کہ اگر نوجوان سیکھنے کا جذبہ اور آگے بڑھنے کی لگن رکھیں تو جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن ہر قدم پر ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی۔
اس موقع پر تقریب میں شریک افراد اور نوجوانوں نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور بنوقابل پروگرام کو نوجوانوں کے لیے امید کی نئی کرن قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں