خیبر پختونخوا: لڑکیوں کے کالجز میں تقریبات کے دوران موسیقی، رقص اور فیشن شوز پر پابندی-

43

خیبر پختونخوا کے محکمہ اعلیٰ تعلیم نے صوبے کے لڑکیوں کے کالجز سے متعلق ایک نیا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے، جس میں ویلکم پارٹیز، فیئر ویل اور دیگر تقریبات کے دوران موسیقی، رقص اور فیشن شوز کے انعقاد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں تمام کالجز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جاری کردہ ایس او پیز (سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز) پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق ان تقریبات کے دوران طالبات کے موبائل فون استعمال کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔
مزید کہا گیا ہے کہ ایسی تمام سرگرمیوں میں طالبات کو اپنے تعلیمی ادارے کے مقررہ یونیفارم میں شرکت کرنا ہوگی۔
واضح رہے کہ عام طور پر کالجز اور یونیورسٹیز میں تعلیمی سرگرمیوں کے علاوہ ویلکم اور فیئر ویل تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے، جہاں نئے طلبہ کو خوش آمدید کہا جاتا ہے جبکہ تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ کو رخصت کیا جاتا ہے۔ اسی طرح سپورٹس گالا سمیت دیگر تقریبات میں طلبہ اور طالبات یونیفارم کے علاوہ دیگر لباس پہننے کو ترجیح دیتے ہیں، تاہم نئے نوٹیفیکیشن کے تحت ان سرگرمیوں پر بھی پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں