رمضان سے قبل ڈیلی ویجز ملازمین کی برطرفی، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے خلاف احتجاج

41

گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایبٹ آباد نے ڈیلی ویجز پر بھرتی کیے گئے تقریباً 200 ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے بغیر فارغ کر دیا، جس کے خلاف متاثرہ ملازمین نے احتجاج شروع کر دیا ہے۔

ملازمین کا کہنا ہے کہ اچانک برطرفی اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو چکے ہیں اور وہ شدید معاشی مشکلات اور فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ مظاہرین نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے انہیں دوبارہ بحال کیا جائے اور بقایا تنخواہیں ادا کی جائیں۔

ڈیلی ویجز ملازمین کے مطابق وہ گزشتہ کئی برسوں سے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں خدمات انجام دے رہے تھے، تاہم انتظامیہ نے رمضان المبارک سے قبل ہی انہیں بغیر تنخواہ ادا کیے نوکریوں سے فارغ کر دیا، جس سے ان کے مسائل میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

ملازمین کا مزید کہنا ہے کہ انہیں کم از کم دو ماہ کی تنخواہیں تاحال ادا نہیں کی گئیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا فوری نوٹس لیا جائے، بقایا جات ادا کیے جائیں اور انہیں دوبارہ ملازمتوں پر بحال کیا جائے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں