ہری پور (خبری رپورٹ) – تھانہ خانپور پولیس نے عوامی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک جعلی عامل کو گرفتار کر لیا ہے جو کالا جادو اور تعویز بنانے کے جرائم میں ملوث تھا۔ یہ کاروائی ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کے واضح احکامات اور ہدایات کی روشنی میں عمل میں آئی، جس کا مقصد کالا جادو اور جعلی عملیات کرنے والے افراد کے خلاف سخت اقدامات کرنا ہے۔
ایس ایچ او تھانہ خانپور اعجاز علی اور ان کے ہمراہ نفری پولیس نے ڈی ایس پی خانپور راجہ محمد بشیر کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم شفیق بیگ ولد بشیر بیگ، سکنہ محلہ پیرانوالہ خانپور کو گرفتار کیا۔
گرفتار ملزم کے خلاف دفعہ 297A، 508، اور سیکشن (3) آف PWA 2017 کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے جعلی عملیات اور تعویز بھی برآمد کر لیے، جنہیں مزید شواہد کے طور پر محفوظ کر لیا گیا ہے۔
ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کالا جادو یا تعویز کے جعلی عاملوں سے بچیں اور ایسی سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں تاکہ معاشرے کو ان خطرناک سرگرمیوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔
ہری پور پولیس کی کارروائی: جعلی عامل گرفتار، کالا جادو اور تعویز برآمد.
23