سادہ لوح شہریوں کو دھوکا دینے والا جعلی عامل ہری پور سے گرفتار.

6

ہری پور تھانہ سٹی پولیس نے عوامی شکایات پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے کالا جادو، تعویز دھاگوں اور جعلی عملیات کے ذریعے سادہ لوح شہریوں کو دھوکا دینے والے ایک جعلی عامل کو گرفتار کر لیا۔
یہ کارروائی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کے واضح احکامات کی روشنی میں کی گئی، جن کی ہدایت پر ضلع بھر میں جعلی عاملوں، تعویز گنڈے کرنے والوں اور کالا جادو کے دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سٹی صدیق شاہ نے ہمراہ نفری پولیس، ڈی ایس پی سٹی سعید یدون کی زیر نگرانی، عوامی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی عامل محمد حنیف ولد فقیر محمد، سکنہ مکھن کالونی کو گرفتار کیا۔ ملزم طویل عرصے سے جعلی عملیات کے ذریعے شہریوں سے پیسے بٹور رہا تھا اور لوگوں کی مجبوریوں سے ناجائز فائدہ اٹھا رہا تھا۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے جعلی تعویزات اور دیگر سامان بھی برآمد کیا، جبکہ اس کے خلاف دفعہ 297-A، 508 اور سیکشن (3) پنجاب وچ کرافٹ ایکٹ 2017 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے واضح کیا ہے کہ عوام کے استحصال میں ملوث کسی بھی فرد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور اس قسم کے غیر قانونی دھندوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے جعلی عاملوں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں