ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی ہدایات پر گرانفروشی اور حفظانِ صحت کی خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، تین ریسٹورنٹس سیل.

25

ایبٹ آباد: ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے شہر میں ریٹ لسٹ پر عملدرآمد اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی پابندی یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کامران علی شاہ نے مختلف ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کا اچانک معائنہ کیا۔


دورانِ چیکنگ ڈھیرا شنواری، الزر ریسٹورنٹ اور قصہ خوانی ریسٹورنٹ میں متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جن میں سرکاری ریٹ لسٹ سے زائد قیمتوں کی وصولی، صفائی کے ناقص انتظامات، غیر معیاری و غیر صحت بخش اشیاء کی موجودگی اور حکومتی احکامات کے تحت نافذ کردہ (میٹ لیس ڈے) کی خلاف ورزی شامل تھی۔
انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا جبکہ مالکان کو قانونی تقاضے پورے کرنے اور بہتری لانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ متعلقہ قوانین کے تحت مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوامی صحت کا تحفظ، سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد اور حکومتی پالیسیوں کی پابندی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ گرانفروشی، صفائی کے ناقص انتظامات یا کسی بھی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ زائد نرخ وصولی یا دیگر بے ضابطگیوں کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کو بروقت آگاہ کریں تاکہ فوری ایکشن لیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں