ایبٹ آباد (وقاص باکسر سے) محکمہ ایکسائز پولیس نے ہزارہ ڈویژن میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے حویلیاں انٹرچینج کے قریب مظفرآباد جانے والی گاڑی سے آٹھ من سے زائد چرس برآمد کر لی۔ کارروائی ایکسائز انسپکٹر سید توقیر عباس شاہ کی قیادت میں عمل میں لائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایکسائز پولیس کو مخبرِ خاص سے اطلاع ملی تھی کہ پشاور سے ایک ویگو گاڑی کے ذریعے بڑی مقدار میں چرس مظفرآباد اسمگل کی جا رہی ہے۔ اطلاع ملنے پر انسپکٹر سید توقیر عباس شاہ نے نفری کے ہمراہ ہزارہ موٹروے (سی پیک روٹ) پر سلہڈ کے مقام پر ناکہ بندی کی۔
دورانِ چیکنگ مشکوک ویگو گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی تو گاڑی کے خفیہ خانوں سے آٹھ من سے زائد چرس برآمد ہوئی۔ گاڑی محمد ارشد ولد مختار، سکنہ پشاور چلا رہا تھا جسے موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم کو تھانہ ایکسائز منتقل کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران ملزم نے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق اس نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب ہزارہ یوتھ فورس کے مرکزی صدر بلال خان جدون نے محکمہ ایکسائز پولیس کے انچارج فیصل خان اور انسپکٹر سید توقیر عباس شاہ کو بروقت اور مؤثر کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کامیاب کارروائیاں صوبے کے مختلف اضلاع کو منشیات سے پاک کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
·
ایبٹ آباد: ہزارہ ڈویژن کی بڑی کارروائی، آٹھ من سے زائد چرس برآمد، ملزم گرفتار.
16