ایبٹ آباد: نمازِ تراویح کے دوران ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن، متعدد نوجوان گرفتار

10

ایبٹ آباد: ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں ماہِ رمضان المبارک کے دوران نمازِ تراویح کے اوقات میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ شہریوں کو پُرسکون ماحول میں عبادت کی سہولت فراہم کرنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کی گئی۔
اسی سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ کینٹ نے بھاری نفری کے ہمراہ شہر کی مختلف اہم شاہراہوں، مساجد کے اطراف اور حساس مقامات پر گشت، اسنیپ چیکنگ اور ناکہ بندیوں کا انعقاد کیا۔ پولیس اہلکاروں نے مشتبہ افراد کی تلاشی اور گاڑیوں کی چیکنگ بھی کی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
کارروائی کے دوران متعدد نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا جو نمازِ تراویح کے بابرکت وقت میں عبادت کے بجائے ون ویلنگ جیسے خطرناک اور غیر قانونی عمل میں مصروف تھے۔ ون ویلنگ نہ صرف ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے خود موٹر سائیکل سواروں اور دیگر شہریوں کی جان کو بھی شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
پولیس نے موقع پر موٹر سائیکلیں تحویل میں لے کر متعلقہ تھانے منتقل کر دیں اور ملزمان کے خلاف ٹریفک قوانین کے تحت مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اور ایسے غیر ذمہ دارانہ رویوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عبادات پر توجہ دیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کرتے ہوئے انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ شہر کا امن و سکون برقرار رکھا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں