ہری پور پولیس نے تھانہ خانپور کی حدود میں ایک خطرناک ڈکیت گروہ کے خلاف بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جبکہ اسلحہ، ایمونیشن اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیع اللہ گنڈاپور نے واضح کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی اور قانون شکن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ خانپور اعجاز علی اپنی نفری کے ہمراہ معمول کی گشت پر تھے کہ انہیں مقدمہ علت نمبر 109 مورخہ 16-02-2026 بجرم دفعات 397، 458، 342، 170 PPC میں مطلوب ملزمان کی جب روڈ نزد قبرستان آمد کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر مذکورہ مقام پر ناکہ بندی قائم کر دی۔
اسی دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مشکوک افراد وہاں پہنچے۔ پولیس کی جانب سے رکنے کا اشارہ کرنے پر ملزمان نے جان سے مارنے کی نیت سے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے مؤثر حکمت عملی اپنائی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک موٹر سائیکل بے قابو ہو کر گر گئی جبکہ دو ملزمان زخمی ہو کر زمین پر گر پڑے۔
گرفتار زخمی ملزمان نے اپنی شناخت جلال ولد لال زمرد سکنہ موہڑہ ممدو اور تورات ولد انجیل سکنہ نئی آبادی ریلوے اسٹیشن ہری پور کے نام سے ظاہر کی۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کرکے موٹر سائیکل سمیت قبضہ میں لے لیا۔
ملزمان کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
زخمی ملزمان کو فوری طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال خانپور منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے اور ان کے کرمنل ریکارڈ کی بھی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
ڈی پی او ہری پور کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
خانپور: خطرناک ڈکیت گروہ سے پولیس کا مقابلہ، دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار.
19