صوبائی حکومت کی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر آلائی عامر مصطفیٰ کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ کی ٹیم نے بنہ بازار کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر بازار میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد، صفائی ستھرائی کی صورتحال اور ممکنہ ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کا جائزہ لیا گیا۔





انتظامیہ نے بازار میں مختلف کریانہ اسٹورز، سبزی و فروٹ فروشوں، دودھ دہی کی دکانوں، بھینسوں کے باڑوں اور بانڈیوں کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران متعدد دکانوں پر سرکاری نرخ نامہ آویزاں نہ ہونے اور بعض مقامات پر مقررہ قیمتوں سے زائد نرخ وصول کرنے کی شکایات سامنے آئیں، جس پر متعلقہ دکانداروں کو سختی سے تنبیہ کی گئی اور آئندہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی دکانوں پر سرکاری نرخ نامہ نمایاں طور پر آویزاں کریں اور عوام کو مقررہ قیمتوں پر اشیائے خوردونوش فراہم کریں۔ اس کے علاوہ بازار میں صفائی کے ناقص انتظامات پر بھی اظہارِ برہمی کیا گیا اور متعلقہ افراد کو صفائی کے نظام کو فوری بہتر بنانے کی ہدایت دی گئی تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔
دورے کے دوران بنہ بازار میں قائم پٹرول پمپس کا بھی معائنہ کیا گیا جہاں پٹرول اور ڈیزل کی دستیابی اور پیمائش کے نظام کو چیک کیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق علاقے میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معمول کے مطابق ہے اور کسی قسم کی قلت نہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ غیر ضروری طور پر پٹرول یا ڈیزل ذخیرہ کرنے سے گریز کریں اور صرف ضرورت کے مطابق خریداری کریں۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ بنہ بازار سمیت ضلع بھر میں سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور صفائی کے ناقص انتظامات کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
بنہ بازار میں ضلعی انتظامیہ کا اچانک دورہ، نرخ نامے کی خلاف ورزی پر وارننگ، صفائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی.
23