وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خفیہ ملاقاتوں کی مبینہ لیکنگ پر بڑا ایکشن.

25

( مانسہرہ_ڈاٹ_کام) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے خفیہ ملاقاتوں کی معلومات مبینہ طور پر لیک ہونے کے معاملے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے اہم انتظامی اقدامات اٹھا لیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حساس نوعیت کی معلومات کے افشاء ہونے پر وزیراعلیٰ نے فوری تحقیقات کا حکم دیا، جس کے بعد ابتدائی مرحلے میں متعلقہ عملے کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں واقع KP House Islamabad اور نتھیاگلی میں قائم KP House Nathia Gali کے تمام ٹیلی فون آپریٹرز اور استقبالیہ (ریسیپشن) سٹاف کو فوری طور پر ٹرانسفر کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اداروں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور حساس معلومات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور اگر کسی اہلکار کی غفلت یا بدنیتی ثابت ہو تو اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ سکیورٹی پروٹوکول کو مزید سخت کرنے اور اندرونی نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کمیونیکیشن سسٹم کو اپ گریڈ کرنے اور عملے کی اسکریننگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ سرکاری معاملات کی رازداری ہر صورت برقرار رکھی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں