ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے بٹگرام کیمپس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی سہولیات اور کیمپس کے محلِ وقوع کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے تعمیر ہونے والے نئے سمارٹ کلاس روم کا افتتاح بھی کیا۔
طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ بٹگرام اور قریبی علاقوں کے نوجوان صلاحیت اور قابلیت میں کسی سے کم نہیں اور اگر انہیں معیاری سہولیات فراہم کی جائیں تو وہ نمایاں کارنامے سر انجام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ بٹگرام کیمپس کو جدید تعلیمی سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
اس موقع پر طلباء نے اپنی تعلیمی ضروریات وائس چانسلر کے سامنے رکھیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
کیمپس ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق انور خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بٹگرام کیمپس میں اس وقت کمپیوٹر سائنس اینڈ آئی ٹی، انگلش اور زولوجی کے شعبہ جات میں 400 سے زائد طلباء و طالبات زیرِ تعلیم ہیں، جبکہ اب تک تقریباً 300 فارغ التحصیل طلباء مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
دورے کے موقع پر ڈینز، پروفیسرز اور دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے۔