کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت این ٹی ڈی سی کے 765 کے وی داسو ٹرانسمیشن لائن منصوبے سے متعلق ایک اہم اجلاس کمشنر آفس ایبٹ آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں منصوبے کی پیش رفت اور درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
منیجر کنسٹرکشن این ٹی ڈی سی نے اجلاس کو منصوبے کے مختلف پہلوؤں اور کھمبوں کی تنصیب کے دوران پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز ہری پور، مانسہرہ، بٹگرام اور کوہستان کے علاوہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، دیا میر بھاشا ڈیم پراجیکٹ اور این ٹی ڈی سی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
کمشنر ہزارہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع سے ایک فوکل پرسن نامزد کریں تاکہ منصوبے کے دوران سامنے آنے والے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔ انہوں نے این ٹی ڈی سی حکام کو بھی مشورہ دیا کہ ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ مشاورت کے بعد ایک جامع کمیونٹی سپورٹ پروگرام تشکیل دیا جائے تاکہ مقامی آبادی کو منصوبے سے براہِ راست فائدہ پہنچے اور اس کے اثرات مثبت انداز میں نمایاں ہوں۔
کمشنر فیاض علی شاہ نے کہا کہ داسو ٹرانسمیشن لائن منصوبہ قومی اہمیت کا حامل ہے، اس کی بروقت تکمیل سے نہ صرف توانائی کے نظام میں بہتری آئے گی بلکہ آنے والی نسلیں بھی اس کے ثمرات سے مستفید ہوں گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے باہمی تعاون اور مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے۔