معروف معلم مولانا فیض اللہ کھلابٹ بائی پاس پر ون ویلر کی ٹکر سے شہید

21

ہریپور : تھانہ کھلابٹ کی حدود میں واقع دینی درسگاہ مفتاح العلوم کھلابٹ کے معروف معلم مولانا فیض اللہ کھلابٹ بائی پاس پر ون ویلر کی ٹکر سے شہید ہو گئے۔علمی و دینی حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔مرحوم مولانا فیض اللہ کی نماز جنازہ گزشتہ رات کھلابٹ ٹاؤن شپ ہری پور ہزارہ میں ادا کر دی گئی اور سپرد خاک کیا گیا ہے۔

مولانا فیض اللہ کی نماز جنازہ میں مفتیان کرام،مشائح علماء کرام،خطباء،دینی مدارس کے طلبہ سمیت علاقہ عوام کی جانب سے بھرپور شرکت،گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔واقعہ کے مطابق طویل مدت تک کھلابٹ ٹاؤن شپ سیکٹر 2 پکھرال چوک میں واقع عظیم الشان دینی درسگاہ مدرسہ مفتاح العلوم میں بطور مدارس خدمات سر انجام دینے والے معروف عالم دین مولانا قاری فیض اللہ دروازہ گائوں سے اپنے موٹر سائیکل پر نماز پڑھا کر واپس آ رہے تھے کہ کھلابٹ بائی پاس پر مخالف سمت سے ون ویلنگ کرتے ہوئے آنے والے موٹر سائیکل سوار نے انہیں زور دار ٹکر ماری جس سے وہ حادثے کا شکار ہوئے اور شدید زخمی ہو گئے۔

مقامی اطلاعات پر ریسکیو 1122 کی ٹیم جائے حادثہ پہنچی اور انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہری پور ٹراما سنٹر منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر جہان فانی سے کوچ کرگئے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔واضح رہے کہ کھلابٹ بائی پاس پر روزانہ موت کا کھیل ون ویلنگ کے دوران اوباش ون ویلر نہ صرف اپنے لیئے بلکہ دوسروں کے لیئے انتہائی سنگین خطرے کی علامت بن چکے ہیں۔

ون ویلنگ کی وجہ سے انسانی جانوں کا نقصان ہو رہا ہے لیکن ہری پور پولیس کے پاس ون ویلرز موٹر سائیکل سواروں سے نمٹنے کیلئے کوئی حکمت عملی نہیں اور روزانہ کے حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاں کے ساتھ مالی نقصان بھی ہو رہا ہے۔عوامی و سماجی حلقوں کی جانب سے ون ویلنگ کرنے والے تمام موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں