مانسہرہ : گزشتہ روز اے سی اوگی (جو اب سابق ہوچکے ہیں) نے کچھ چینلوں پر انٹرویو دیے اور جھوٹ بول کر حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی۔ آج گورنمنٹ کالج اوگی میں اس حوالے سے میٹنگ ہونے کے بعد کل بہ روز جمعرات پریس کانفرنس کا اعلان کیا گیا، جس میں میڈیا کے ذریعے عوام تک حقائق پہنچائے جائیں گے۔
کچھ دیر پہلے اے سی اوگی کے تبادلے کی خبر آئی مگر چوں کہ اساتذہ اور عوام نے اوگی میں ہی رہنا ہے، اس لیے سابق اے سی کی دروغ گوئی کا جواب دینا ضروری ہے۔
کچھ احباب اے سی اوگی کی ٹرانسفر کو پروموشن قرار دے رہے ہیں، جو محض کم علمی ہے۔ سابق اے سی اوگی سروس رولز کے مطابق اے ڈی سی کی خالی پوسٹ پر پرانے گریڈ(17) میں ہی کام کریں گے، جو ترقی نہیں محض تبادلہ ہے۔ بہرحال، اے سی کی ترقی یا تبادلہ ہمارا مسئلہ نہیں ہے۔ ہمارا مسئلہ انسان کی تکریم اور خاص طور پر استاد کی عزت کا لحاظ کرنا ہے۔ ہمارا مقصد ہماری روایات اور اخلاقیات کے مطابق معاشرتی معاملات کو فروغ دینا ہے تاکہ موجود عوام اور آئندہ نسلوں تک مثبت پیغام پہنچے۔
سابق اے سی اوگی نے نہ صرف لسانی اور قومی تعصب کو ہوا دینے کی کوشش کی بل کہ آزادی اظہار کا حق سلب کرتے ہوئے، اساتذہ کے ساتھ شدید بد تمیزی کی۔ پرامن احتجاج کے بعد معافی مانگنے کی بجائے میڈیا کے ذریعے مزید جھوٹ بولے اور اساتذہ کا مزید مذاق اُڑانے کی کوشش کی۔
ان تمام واقعات کے درجنوں چشم دید گواہ تھے اور کل ان گواہوں کی موجودگی میں اساتذہ اپنا مؤقف پیش کریں گے۔
کیپلا لوکل یونٹ: گورنمنٹ کالج اوگی