نت نئے تجربات سے عوام پریشان، ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کا نیا تحفہ

10

ایبٹ آباد : ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے عوام کے لیے ایک اور مشکل کھڑی کر دی۔ بجلی کے نئے کنیکشن کا حصول اب مزید پیچیدہ اور مہنگا بنا دیا گیا ہے۔

نئے قواعد کے مطابق ایبٹ آباد سمیت پورے ہزارہ ڈویژن میں اب بجلی کا نیا کنیکشن لگانے کے لیے 3 ہزار روپے انسپکشن فیس ادا کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ شہریوں کو اس فیس کی ادائیگی کے بعد الیکٹرک انسپکٹر کے دفتر جانا پڑتا ہے، جو سپلائی اقبال روڈ پر واقع ہے۔ رپورٹ حاصل کرنے کے لیے شہریوں کو دو سے تین بار چکر لگانے پڑتے ہیں، جب کہ رپورٹ کے اجرا میں ایک ہفتہ لگایا جا رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے واپڈا میں نئے کنیکشن کے لیے آن لائن اپلائی کا آسان نظام موجود تھا، اور انسپکٹر کی رپورٹ کے لیے صرف 300 روپے وصول کیے جاتے تھے۔ مگر اب بغیر انسپکٹر کی رپورٹ کے درخواست جمع کرانا بھی ممکن نہیں رہا۔

عوام کا کہنا ہے کہ یہ نیا نظام عوام کو سہولت دینے کے بجائے مزید اذیت میں مبتلا کر رہا ہے۔ کئی شہریوں نے دفتر کے چکر لگا لگا کر تنگ آکر شدید احتجاج کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بجلی کے نئے کنیکشن کے عمل کو فوری طور پر سادہ اور آسان بنایا جائے تاکہ عام شہری بلاوجہ کی مشکلات سے بچ سکیں۔

عوام نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہیزکو کے اس غیر ضروری اقدام کو فوری واپس لیں اور پرانے آن لائن سسٹم کو بحال کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں