پولیو ٹیموں کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے سخت ہدایات جاری

2

مانسہرہ : ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کا ضلع بھر میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ، ساتھ ہی ساتھ تھانہ صدر کا دورہ — پولیو ٹیموں کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے سخت ہدایات جاری۔

ضلع مانسہرہ میں جاری چار روزہ انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے روز ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے بذاتِ خود مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے پولیو ٹیموں کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور ان کی سیکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈی پی او مانسہرہ نے اس موقع پر کہا کہ پولیو ٹیموں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ انسداد پولیو مہم کے پرامن اور کامیاب انعقاد کے لیے ضلع بھر میں سخت ترین سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس مقصد کے لیے 1993 پولیس افسران و جوان مختلف پولیو ٹیموں کے ہمراہ سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں تاکہ مہم کے دوران کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔

ڈی پی او مانسہرہ نے بعدازاں تھانہ صدر مانسہرہ کا دورہ بھی کیا، جہاں ان کے ہمراہ ڈی ایس پی سٹی سمیت دیگر پولیس افسران و سٹاف موجود تھے۔
وزٹ کے دوران انہوں نے تھانہ کا ریکارڈ، مقدمات کی تفتیش، اور علاقے میں جرائم کی شرح سے متعلق کرائم چارٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈی پی او مانسہرہ نے حوالات میں بند مختلف مقدمات کے ملزمان سے ملاقات کی اور ان سے پولیس کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے تھانہ سٹاف کو ہدایت کی کہ زیرِ تفتیش مقدمات کی تفتیش جلد از جلد مکمل کی جائے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کیا جائے، منشیات فروشوں، راہزن گروہوں اور مجرمانِ اشتہاریوں کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں