ایبٹ آباد : چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس سید عتیق شاہ نے ملکی تاریخ کی پہلی “ڈبل شفٹ عدالت” کا افتتاح کر دیا۔ یہ عدالت شام ساڑھے پانچ بجے تک مقدمات کی سماعت کرے گی۔
افتتاحی تقریب ایبٹ آباد کچہری میں منعقد ہوئی جہاں چیف جسٹس نے سول جج اشفاق کو پہلی شام کی عدالت کا جج مقرر کیا۔ عدالت نے اپنے کام کا آغاز فیملی کیس کی سماعت سے کیا۔
رجسٹرار محمد زیب کے مطابق یہ اپنی نوعیت کی پاکستان کی پہلی عدالت ہے جس میں فیملی، کرایہ داری، حکم امتناعی اور تین سال سے کم سزا والے مقدمات کی سماعت کی جائے گی۔ اس اقدام سے عوام کو جلد انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے گی، خصوصاً ان لوگوں کے لیے جو دن کے اوقات میں مصروف رہتے ہیں۔
رجسٹرار کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کے وژن کا حصہ ہے، جس کے تحت دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بھی شام کی عدالتیں قائم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے عوامی توقعات پوری ہوں گی اور لوگوں کو شام تک انصاف ملنے کا خواب حقیقت بنے گا۔