گندم کی پیداوار بڑھانے کے لیے ماس مبلائزیشن پروگرام کا انعقاد

4

تورغر : ضلع تورغر میں گندم کی پیداوار بڑھانے کے لیے ماس مبلائزیشن پروگرام کا انعقاد۔ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام جدباء میں آگاہی تقریب، کسانوں، معززین اور طلباء کی بھرپور شرکت۔

تورغر خیبر پختونخوا میں گندم کی پیداوار میں اضافے کے لیے ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ضلع تورغر میں ماس مبلائزیشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام آج ضلعی ہیڈکوارٹر ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ جدباء میں منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ADC) علی شیر، فنانس آفیسر، علاقہ کے معززین، کسان بھائیوں اور سکول کے بچوں نے بھرپور شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جو ایک سکول کے بچے نے پیش کی، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ بھی پیش کی گئی۔

تقریب کا مقصد کسانوں اور عوام میں گندم کی جدید کاشتکاری، معیاری بیجوں، اور زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا تاکہ فصل کی پیداوار میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کی آفیسر محترمہ غزالہ یاسمین نے گندم کی پیداوار بڑھانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کسانوں کو جدید زرعی طریقے اپنانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے، اور اس طرح کے پروگرامز اس کی ایک بہترین مثال ہیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر علی شیر نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور محکمہ زراعت کی کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ زرعی ترقی نہ صرف کسانوں کی معاشی حالت بہتر بناتی ہے بلکہ علاقے کی مجموعی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

پروگرام میں ایک مقامی کسان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور محکمہ زراعت کی جانب سے دی جانے والی معلومات اور تربیت کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرامز سے کسانوں کی سوچ اور کام کرنے کا انداز بدلتا ہے، جس کا براہ راست فائدہ پیداوار میں اضافے کی صورت میں سامنے آتا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں