ینگ نرسز ایسوسی ایشن (YNA) ایبٹ آباد کی لوکل کابینہ نے ہسپتال ڈائریکٹر ایوب ٹیچنگ ہسپتال سے نرسز ڈیوٹی چینج کے مسئلے پر تفصیلی ملاقات

18

ایبٹ آباد : ینگ نرسز ایسوسی ایشن (YNA) ایبٹ آباد کی لوکل کابینہ نے ہسپتال ڈائریکٹر ایوب ٹیچنگ ہسپتال سے نرسز ڈیوٹی چینج کے مسئلے پر تفصیلی ملاقات کی۔

ہسپتال ڈائریکٹر نے نرسنگ پروفیشنلز کو خوش دلی اور مثبت انداز میں اپنے دفتر میں خوش آمدید کہا۔

ملاقات کے دوران نرسنگ وفد نے ڈیوٹی تبدیلیوں کے حوالے سے غیر منصفانہ رویوں، پسند و ناپسند، بلیک میلنگ، اور توہین آمیز طرزِ عمل پر گہرے تحفظات کا اظہار کیا۔

نرسنگ عملے کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ نرسز کی ڈیوٹی چینج ایک باقاعدہ، شفاف اور یونیفارم پالیسی کے تحت ہونی چاہیے تاکہ مریضوں کے علاج اور ادارے کی ساکھ پر مثبت اثرات مرتب ہوں۔

ہسپتال ڈائریکٹر نے نرسنگ ڈائریکٹر، منیجر اور سپروائزرز کو ہدایت کی کہ نرسز کے تمام تحفظات کا فوری ازالہ کیا جائے اور عملے کے احترام و وقار کو یقینی بنایا جائے۔

مزید بتایا گیا کہ 23 دسمبر 2024 کو میڈیکل سی وارڈ میں ایک نرس نے مریض کی صحت سے متعلق ایک طبی نسخے پر اعتراض اٹھایا تھا، جس کے بعد 19 جولائی 2025 کو اُسے من گھڑت الزامات لگا کر وٹس ایپ میسج کے ذریعے ہتک آمیز انداز میں ڈیوٹی سے روک دیا گیا۔

نرسنگ ڈویژن کو اس معاملے کے حل کے لیے گزشتہ تین ماہ سے متعدد بار آگاہ کیا گیا، مگر مؤثر کارروائی نہ ہونے پر اب یہ مسئلہ ہسپتال ڈائریکٹر کے نوٹس میں لایا گیا۔

نرسنگ پروفیشنلز کو امید ہے کہ اس ملاقات کے بعد نرسنگ ٹرانسفرز میں شفافیت، پیشہ ورانہ طرزِ عمل اور باعزت رویہ اپنایا جائے گا۔
ینگ نرسز ایسوسی ایشن نے ہسپتال ڈائریکٹر کی بروقت مداخلت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے اقدامات سے ادارے میں ممکنہ کشیدگی پیدا ہونے سے بچ گئی۔

آخر میں YNA ایبٹ آباد نے مقامی میڈیا اور صحافیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے نرسنگ عملے کے مسائل کو نمایاں کر کے ایک مثبت کردار ادا کیا۔

ترجمان کے مطابق اگر نرسنگ عملے کے تحفظات کا ازالہ نہ کیا گیا تو آئندہ کا لائحہ عمل جلد طے کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں