مانسہرہ: ڈھوڈیال کی گول مسجد میں پیش آنے والے خودکشی کے لرزہ خیز واقعے میں مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
27 دسمبر بروز ہفتہ عصر کے وقت جاں بحق ہونے والا نوجوان فہد ولد محمد ابراہیم ہزارہ یونیورسٹی کا طالب علم تھا۔
ذرائع کے مطابق، متوفی مبینہ طور پر مسجد میں مینار کی طرف جانے والے رستے میں عارضی قائم کی گئی رکاوٹ کو توڑ کر اندر داخل ہوا اور مینار پر چڑھ کر چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
اہلِ علاقہ اور پڑوسیوں نے واقعے پر گہرے دکھ اور حیرت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ متوفی انتہائی شریف النفس، خوش اخلاق اور پانچ وقت کا نمازی تھا۔
مقامی حلقوں کے لیے یہ بات معمہ بنی ہوئی ہے کہ ایک دین دار اور تعلیم یافتہ نوجوان نے اتنا انتہائی قدم کیوں اٹھایا۔ متوفی محلہ ارغوشل شاطے کا رہائشی تھا۔
اس کی نمازِ جنازہ کل بروز اتوار، صبح 11 بجے موٹر وے انٹر چینج شاطے چوک کے قریب ادا کی جائے گی۔دوسری طرف تھانہ شنکیاری پولیس بھی وقوعہ کی تفتیش کر رہی ہے۔