ہریپور : سرائےنعمت خان منگلور کالونی میں دن دیہاڑے چوری، اسلحہ چوری — اہلِ علاقہ کی اجتماعی ذمہ داری قبول، تین دن میں مال واپس کرنے کی یقین دہانی۔
بروز جمعرات دن دیہاڑے دوپہر دو بجے سے چار بجے کے دوران سابق ایم پی خان ارشاد خان تنولی کے بھتیجے اور علاقہ لوہر تنول کی معروف سیاسی سماجی اور روحانی شخصیت خان شمیم احمد خان تنولی آف شنگھڑی کے منگلور کالونی میں واقع ڈیرے پر چوری کی واردات پیش آئی۔
نامعلوم افراد دیوار پھلانگ کر ڈیرے میں داخل ہوئے، تالے توڑے اور وہاں موجود تمام اسلحہ، جن میں بندوق، پستول، گولیاں اور کارتوس شامل تھے، لے گئے۔
واقعے کے وقت خان شمیم خان ایک فوتگی کے سلسلے میں اپنے آبائی گاؤں شنگھڑی میں موجود تھے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے تفتیش کا آغاز کیا۔ کتوں کی نشاندہی پر حنیف ولد عبدالحمید سکنہ منگلور کالونی، جو ڈیرے کے پڑوس میں رہائش پذیر اور ٹیوب ویل پر ملازم ہے، کو حراست میں لے کر تھانہ صدر منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد منگلور کالونی کے معززین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد خان شمیم خان کے ڈیرے پر پہنچی، جہاں انہوں نے اجتماعی طور پر معذرت کرتے ہوئے غیر معمولی موقف اختیار کیا۔ اہلِ علاقہ کا کہنا تھا کہ اس واقعے کی ذمہ داری پورا گاؤں قبول کرتا ہے اور خان شمیم خان سے تین دن کی مہلت مانگی گئی، تاکہ نہ صرف مالِ مسروقہ واپس کیا جا سکے بلکہ اصل ملزمان کو بھی سامنے لایا جا سکے۔
خان شمیم خان نے وسیع القلبی اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے بیٹے خان شہزادہ خان تنولی اور چھوٹے بھائی خان شہزاد خان تنولی کو اہلِ علاقہ کے ہمراہ تھانہ صدر ہری پور بھیجا، جہاں باہمی مشاورت اور شخصی ضمانت پر گرفتار ملزم کو تین دن کے لیے رہا کروا دیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں سے معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔