کاغان: وادی کاغان میں ترپی والے پل کے مقام پر افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں کم عمر بہن بھائی پل سے پھسل کر نیچے گر گئے۔ واقعے کے بعد فوری طور پر ریسکیو ٹیموں نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے دن بھر دریا اور اطراف کے علاقوں میں مسلسل تلاش جاری رکھی، تاہم اندھیرا اور دشوار گزار علاقہ ہونے کے باعث تاحال بچوں کا سراغ نہیں مل سکا۔ شام ہونے کے بعد روشنی کی کمی اور حفاظتی وجوہات کی بنا پر آپریشن کو عارضی طور پر روک دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹیموں نے انتہائی احتیاط کے ساتھ سرچ آپریشن جاری رکھا تاکہ کسی بھی قسم کے مزید نقصان سے بچا جا سکے، تاہم رات کے وقت دریا کے تیز بہاؤ اور کم روشنی کے باعث آپریشن کو محفوظ انداز میں وائنڈ اپ کیا گیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صبح ہوتے ہی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن دوبارہ بھرپور انداز میں شروع کیا جائے گا اور جدید وسائل کے ساتھ علاقے کی دوبارہ تلاشی لی جائے گی۔
ڈی سی مانسہرہ کی ہدایات پر تمام ریسکیو اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں اور آئندہ مرحلے کے لیے مکمل تیاری کر لی گئی ہے۔ مقامی افراد بھی ریسکیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
یہ افسوسناک واقعہ وادی کاغان میں سیاحتی مقامات پر حفاظتی اقدامات کی ضرورت کو ایک بار پھر اجاگر کرتا ہے۔
🟥 وادی کاغان: ترپی پل پر بہن بھائی کے لاپتہ ہونے کا واقعہ، سرچ آپریشن اندھیرے کے باعث عارضی طور پر روک دیا گیا.
25