بجٹ 2026-27: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، پنشن اور الاؤنسز میں اضافے کی مختلف تجاویز زیر غور.

28

اسلام آباد: آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کے لیے ریلیف پیکج کی مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزارتِ خزانہ نے تنخواہوں، پنشن اور مختلف الاؤنسز میں اضافے سے متعلق سفارشات تیار کر لی ہیں، جن پر حتمی فیصلہ حکومت اور کابینہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں 10 فیصد تک اضافے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں 7 فیصد اضافے کی سفارش بھی زیر غور ہے تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کسی حد تک کم کیا جا سکے۔
اطلاعات کے مطابق کنوینس الاؤنس اور میڈیکل الاؤنس میں اضافے کی تجاویز بھی پیش کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ملازمین کو ماضی میں دیے گئے مختلف ایڈہاک ریلیف الاؤنسز میں سے ایک الاؤنس کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جس سے مستقبل میں دیگر مراعات اور پنشن کے حساب کتاب پر مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کا مجوزہ فارمولا مختلف گریڈز کے لیے الگ ہو سکتا ہے۔ تجویز ہے کہ گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کو نسبتاً زیادہ ریلیف دیا جائے، جبکہ گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران کے لیے اضافے کی شرح نسبتاً کم رکھی جائے۔ اس اقدام کا مقصد کم آمدن والے ملازمین کو زیادہ مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق تنخواہوں، پنشن اور الاؤنسز میں اضافے سے متعلق تمام تجاویز وزارتِ خزانہ کی جانب سے بجٹ دستاویزات کا حصہ بنائی گئی ہیں، تاہم ان کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ اور پارلیمنٹ سے مشروط ہوگی۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں سرکاری ملازمین کی مختلف تنظیمیں مہنگائی کے پیش نظر تنخواہوں اور پنشن میں خاطر خواہ اضافے کا مطالبہ کرتی رہی ہیں، جبکہ حکومت کی جانب سے مالی وسائل اور بجٹ خسارے کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف آپشنز پر غور جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں