مانسہرہ کے علاقے بفہ میرا میں ایک خاتون کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ مقتولہ روب دانہ کی زندگی ایک خاندانی تنازع اور دو قتلوں کے المناک سلسلے کا حصہ بن گئی، جہاں پہلے اس کے شوہر کو اس کے سگے بھائی نے قتل کیا اور بعد ازاں اسی بھائی نے مقتول کی بیوہ سے شادی کر لی، جبکہ اب خاتون کو بھی مبینہ طور پر اپنے دیوروں کے ہاتھوں قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ بفہ کی حدود بفہ میرا میں قتل ہونے والی خاتون روب دانہ زوجہ فاروق شاہ کے قتل کیس میں مقتولہ کے دو دیور، آفتاب اور طارق پسران گلداد، کو نامزد کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کے والد ظفر شاہ ولد جمروز خان، سکنہ اجل گٹ جلگوٹ کوہستان حال بفہ میرا، نے پولیس کو بتایا کہ ان کی بیٹی روب دانہ کی شادی تقریباً چھ سال قبل کپتان ولد گلداد، سکنہ سیو کوہستان، سے ہوئی تھی، جن کے ہاں تین بچے بھی ہیں۔
مدعی کے مطابق ان کے سابق داماد کپتان کو اس کے سگے بھائی فاروق شاہ نے قتل کر دیا تھا۔ بعد ازاں فاروق شاہ نے عدالت کے ذریعے صلح نامہ کر کے بریت حاصل کی اور مقتول بھائی کی بیوہ روب دانہ سے شادی کر لی، جس کے بعد دونوں مانسہرہ کے علاقے بفہ میرا میں رہائش پذیر ہو گئے۔
ظفر شاہ نے اپنی رپورٹ میں مزید بتایا کہ 15 جون کو صبح تقریباً 10 بجے انہیں اطلاع ملی کہ ان کی بیٹی روب دانہ کو اس کے شوہر کے بھائیوں آفتاب اور طارق نے مبینہ طور پر گھر میں گھس کر فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے۔ شدید زخمی حالت میں روب دانہ کو ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
تھانہ بفہ پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں دفعہ 302/34 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے
مانسہرہ: شوہر کے قتل کے بعد مقتول کے بھائی سے شادی کرنے والی خاتون بھی فائرنگ کا نشانہ، دو دیور نامزد.
20