ایبٹ آباد: ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کے حکم پر شہر کی اہم سبزی منڈی میں قبضہ مافیا کے خلاف طویل انتظار کے بعد آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، جسے شہریوں نے ایک اہم اور دیرینہ مسئلے کے حل کی سمت بڑا قدم قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سال 2020 میں وفاقی حکومت کی جانب سے این ایچ اے کو سبزی منڈی کے اوپر سے فلائی اوور کی تعمیر کے لیے فنڈز جاری کیے گئے تھے، تاہم مبینہ طور پر بعض مفاد پرست عناصر اور قابضین نے عدالت سے حکم امتناعی حاصل کر کے اس منصوبے کو روک دیا، جس کے نتیجے میں فنڈز بھی لیپس ہو گئے اور منصوبہ تعطل کا شکار رہا۔
ذرائع کے مطابق حالیہ کارروائی کا مقصد منڈی میں غیر قانونی قبضوں کا خاتمہ، ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور شہریوں کو درپیش مشکلات کو کم کرنا ہے۔ آپریشن کے آغاز کے ساتھ ہی انتظامیہ نے مختلف حصوں میں موجود تجاوزات کو ہٹانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
ایبٹ آباد کے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے دیرینہ مسائل کے حل کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ آپریشن تسلسل کے ساتھ جاری رہا تو شہر میں ٹریفک اور کاروباری مسائل میں واضح بہتری آئے گی۔