گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دنیا کے مختلف حصوں میں آنے والے طاقتور زلزلوں نے عالمی سطح پر تشویش پیدا کر دی۔ چند ہی گھنٹوں کے وقفے میں ایشیا، شمالی امریکہ اور جنوبی امریکہ میں شدید نوعیت کے زلزلے ریکارڈ کیے گئے۔
امریکا کی ریاست شمالی کیلیفورنیا کے مینڈوسینو کاؤنٹی میں 5.6 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے باعث ہزاروں صارفین کی بجلی منقطع ہوگئی۔ تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوئی بڑا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
چند گھنٹوں بعد جاپان کے صوبہ ایواتے کے ساحل کے قریب 7.2 شدت کا طاقتور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ جاپان کے جدید تعمیراتی نظام اور مؤثر ہنگامی انتظامات کے باعث کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ سونامی کی وارننگ بھی جاری نہیں کی گئی۔
دوسری جانب وینزویلا میں صورتحال زیادہ سنگین رہی، جہاں 7.2 اور 7.5 شدت کے دو طاقتور زلزلے آئے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق دارالحکومت کاراکاس اور شمالی ساحلی علاقوں میں متعدد عمارتیں منہدم ہوئیں، جبکہ کم از کم 164 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
زلزلوں کے اس غیر معمولی سلسلے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئیں، تاہم امریکی ارضیاتی سروے (USGS) کے ماہرین نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام زلزلے مختلف فالٹ لائنز پر آئے اور ان کے درمیان براہِ راست کوئی سائنسی تعلق ثابت نہیں ہوا۔ ماہرین کے مطابق یہ ایک غیر معمولی مگر قدرتی ارضیاتی اتفاق ہو سکتا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں دنیا بھر میں طاقتور زلزلوں کا سلسلہ، مختلف ممالک متاثر.
29