مانسہرہ سوئمنگ پول حادثہ: سابق تحصیل ناظم عمر فاروق تنولی کو عدالت سے عبوری ریلیف.

26

مانسہرہ بائی پاس پر واقع گلوبل سوئمنگ پول اینڈ پارک میں پیش آنے والے کمسن بچے کے ڈوبنے کے المناک واقعے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق پارک کے مالک اور سابق تحصیل ناظم مانسہرہ عمر فاروق تنولی اور ان کے چھوٹے بھائی احمد تنولی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے چند روز کے لیے عبوری (سفری) ضمانت حاصل کر لی ہے، تاکہ وہ قانونی کارروائی کے لیے عدالت سے رجوع کر سکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی مقدمے میں نامزد علی نامی شخص کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ایک روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ جمعرات کو مانسہرہ بائی پاس پر واقع گلوبل سوئمنگ پول اینڈ پارک میں نہاتے ہوئے اپر چنئی کے رہائشی تقریباً 9 سے 10 سالہ جلال ولد وحید پانی میں ڈوب گئے تھے۔ بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا۔ ذرائع کے مطابق تفتیش میں سوئمنگ پول میں حفاظتی انتظامات، لائف گارڈ کی موجودگی اور انتظامیہ کی ممکنہ غفلت سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات میرٹ پر جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں