مانسہرہ: سرن ویلی میں برطانوی سیاح کی تلاش کے لیے ڈرون ٹیم پہنچ گئی.

34

مانسہرہ – سرن ویلی میں موسیٰ کا مصلیٰ ٹریک سے لاپتہ ہونے والے برطانوی سیاح کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سرن ویلی کے معروف کوہ پیما ذیشان فاروق کی نگرانی میں اسلام آباد سے خصوصی ڈرون ٹیم منڈہ گچھہ، ڈوھور پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈرون ٹیم سرن ویلی کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں فضائی نگرانی کے ذریعے لاپتہ سیاح کی تلاش کرے گی۔ ٹیم گلی ہائی بیس کیمپ تک جائے گی، جو موسیٰ کا مصلیٰ کی جانب جانے والے ٹریک کا اہم بیس کیمپ ہے، جہاں سے ڈرون کے ذریعے سرچ آپریشن کیا جائے گا۔
پولیس، ریسکیو سروس 1122، محکمہ جنگلات، مقامی لوگ اور دیگر امدادی ٹیموں کے ساتھ ڈرون ٹیم بھی سرچ آپریشن میں شامل ہوگئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ شب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور ڈپٹی کمشنر مانسہرہ نے بھی جچھہ تک پولیس نفری کے ہمراہ دورہ کیا تھا اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا تھا۔
ذرائع کے مطابق لاپتہ برطانوی سیاح کی تلاش کے لیے:
· 200 پولیس اہلکار
· محکمہ جنگلات کے اہلکار
· ریسکیو سروس بفہ پکھل کے اہلکار
سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ اب ڈرون ٹیم کی شمولیت سے تلاش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔
دشوار گزار پہاڑی علاقے، خراب موسم اور موبائل سگنلز کی عدم دستیابی کے باعث زمینی سرچ آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے ایسے علاقوں کی فضائی نگرانی کی جائے گی جہاں زمینی ٹیموں کا پہنچنا مشکل ہے۔
سرچ ٹیموں کے ہمراہ موجود ہزارہ ایکسپریس نیوز کے اعزازی نمائندہ ابوبکر قریشی کے مطابق یہ ٹیمیں تلاش میں موسیٰ مصلیٰ بیس کیمپ گلی تک جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں