امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، جہاں مختلف امام بارگاہوں میں مجالسِ عزا کا انعقاد کیا گیا جبکہ ڈاؤن ٹاؤن ڈیلس میں مرکزی جلوس بھی نکالا گیا۔
مرکزی مجلس علم سینٹر میں منعقد ہوئی، جہاں معروف عالمِ دین مولانا قاسم زیدی نے خطاب کرتے ہوئے واقعۂ کربلا کے فلسفۂ صبر، قربانی، حق، انصاف اور ظلم کے خلاف استقامت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے حق، حریت اور عدل کی علامت رہے گی۔
مجالس کے اختتام پر مرکزی جلوس میں سیکڑوں عزاداروں نے شرکت کی۔ اس دوران علم اور تابوت اٹھائے گئے، نوحہ خوانی اور ماتم کیا گیا جبکہ معروف نوحہ خواں شجاع حیدر اور کاشف جعفری نے پرسوز انداز میں شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریبات کے اختتام پر منتظمین نے عزاداروں، رضاکاروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چہلمِ امام حسینؓ کی تقریبات اتحاد، اخوت اور فلسفۂ کربلا کے پیغام کو عام کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔
ڈیلس میں چہلمِ امام حسینؓ عقیدت و احترام سے منایا گیا، مرکزی جلوس اور مجالسِ عزا میں سیکڑوں عزادار شریک.
24