تھائی لینڈ کے شہر پھوکٹ سے نئی دہلی جانے والی ایئر انڈیا کی ایک پرواز دورانِ سفر شدید فضائی جھٹکوں (ٹربولنس) کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں عملے کے 4 ارکان سمیت 17 افراد زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پرواز میں 137 مسافر اور 8 عملے کے ارکان سوار تھے۔ اچانک آنے والے شدید فضائی جھٹکوں کے باعث طیارہ غیر معمولی طور پر نیچے آیا، جس سے متعدد مسافر اپنی نشستوں سے اچھل گئے اور طیارے کو بھی معمولی نقصان پہنچا۔
طیارے کو بحفاظت نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتارا گیا، جہاں زخمی مسافروں کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی گئی۔
ایک غیر ملکی خاتون مسافر نے بتایا کہ اچانک آنے والے جھٹکوں سے ان کی بہن اپنی نشست سے اچھل گئی جبکہ والدہ کے سر پر چوٹ آئی۔ انہوں نے کہا کہ کئی مسافر زخمی ہوئے اور ایک شخص کے چہرے سے خون بہہ رہا تھا۔ خاتون کے مطابق، “ہمیں لگا کہ شاید آج ہم زندہ نہ بچ سکیں، وہ لمحے انتہائی خوفناک تھے۔”
دوسری جانب ایئر انڈیا کا کہنا ہے کہ کسی بھی مسافر یا عملے کے رکن کو جان لیوا نوعیت کی چوٹ نہیں آئی۔ کمپنی کے مطابق زخمیوں کو احتیاطاً طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 5 افراد کو ابتدائی علاج کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا جبکہ دیگر کا علاج جاری ہے۔
ایئر انڈیا کی پرواز شدید فضائی جھٹکوں کا شکار، 17 افراد زخمی، مسافروں نے خوفناک لمحے بیان کر دیے.
23