وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ بانی پی ٹی آئی کو کسی قسم کا نقصان پہنچے، کسی میں اتنی جرات نہیں کہ انہیں نقصان پہنچا سکے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی صحت، ملاقات کی اجازت اور سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے معاملے پر ان کی کہیں شنوائی نہیں ہو رہی۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی فیملی اور وکلا یقین دہانی کرانے کو تیار ہیں کہ ملاقات کے بعد کوئی پریس کانفرنس نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت خراب ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ انہیں مناسب علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔ اگر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ دی گئی تو سپریم کورٹ کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے خلاف مزاحمت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 27 ستمبر کو نوجوان گھروں سے باہر نکلیں گے کیونکہ انہیں اپنا مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اس وقت بانی پی ٹی آئی کی صحت سے بڑھ کر کوئی مسئلہ اہم نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے مزید کھلواڑ نہیں کرنے دیا جائے گا اور جو سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے وہ اب رکے گا نہیں۔