گجرات میں انسانیت کو جھنجھوڑ دینے والا واقعہ، نومولود جڑواں بچوں کو جھاڑیوں میں پھینکنے والی خاتون گرفتار.

27

گجرات کے علاقہ مدینہ سیداں میں آج صبح ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں نومولود جڑواں بچوں (ایک بیٹا اور ایک بیٹی) کو مبینہ طور پر جھاڑیوں میں چھوڑ دیا گیا۔ بچوں کے رونے کی آواز سن کر ایک کچرا چننے والے شخص نے قریبی افراد کو اطلاع دی، جس کے بعد ریسکیو 1122 اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

ریسکیو اہلکاروں نے دونوں نومولود بچوں کو اپنی تحویل میں لے کر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔ حکام کے مطابق دونوں بچے صحت مند حالت میں ہیں اور بعد ازاں انہیں گوجرانوالہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بچوں کو چھوڑنے والی خاتون کا سراغ لگایا گیا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار خاتون کی شناخت ہاجرہ کے نام سے ہوئی ہے، جس کی عمر تقریباً 30 سے 32 سال بتائی جاتی ہے۔ خاتون کا تعلق بٹ خاندان سے بتایا گیا ہے اور وہ شادی کے بعد مدینہ سیداں میں رہائش پذیر تھی۔

ذرائع کے مطابق خاتون کے اپنے شوہر سے کافی عرصے سے اختلافات اور ناراضی چلی آ رہی تھی اور وہ گزشتہ کئی برس سے میکے میں بھی رہ رہی تھی۔ تاہم بچوں کو مبینہ طور پر جھاڑیوں میں چھوڑنے کی اصل وجہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آسکے گی۔

اطلاعات کے مطابق خاتون نے صبح تقریباً 7 بجے دونوں نومولود بچوں کو مبینہ طور پر ایک شاپر میں ڈال کر جھاڑیوں میں چھوڑا اور وہاں سے چلی گئی۔ بچوں کے رونے کی آواز نے ایک کچرا چننے والے شخص کی توجہ حاصل کی، جس نے فوری طور پر قریبی لوگوں کو اطلاع دی۔

پولیس نے تھانہ صدر گجرات میں دفعہ 328 کے تحت مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ گرفتار خاتون اس وقت پولیس کی حراست میں اور زیرِ علاج بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب بچوں کو گوجرانوالہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کردیا گیا ہے، جہاں ان کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔

یہ واقعہ کئی اہم سوالات کو جنم دیتا ہے، تاہم خاتون کے اقدام کی اصل وجہ اور دیگر حقائق پولیس تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں