🚨 گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خدشہ، الرٹ جاری.

22

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) نے مون سون بارشوں اور بڑھتے ہوئے درجۂ حرارت کے باعث گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF)، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 2 سے 5 ستمبر کے دوران شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے باعث پہاڑی اور حساس علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
غذر، ہنزہ، نگر، شگر، دیامر، استور اور سکردو سمیت گلگت بلتستان کے متعدد علاقوں جبکہ وادیٔ نیلم سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں بھی اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
⚠️ شہریوں کے لیے اہم حفاظتی ہدایات:
دریاؤں، ندی نالوں اور گلیشیائی جھیلوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
شدید بارش کے دوران پہاڑی ڈھلوانوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ مقامات سے دور رہیں۔
سیلابی ریلے کی صورت میں سڑکوں، پلوں اور ندی نالوں کو عبور کرنے کی کوشش نہ کریں۔
مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پر فوری عمل کریں۔
موسم اور ممکنہ سیلاب سے متعلق سرکاری الرٹس پر نظر رکھیں۔
خطرے کی صورت میں فوری طور پر محفوظ اور بلند مقام کی طرف منتقل ہوجائیں۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں