مانسہرہ: ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ ڈیپارٹمنٹ آف کمیونی کیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز کے چیئر مین ڈاکٹر ماجد الغفار نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد طلباء و طالبات کو روایتی تعلیم کے ساتھ جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ عملی زندگی میں ایک کامیاب شہری ثابت ہوں اور اس مقصد کے لئے ہزارہ یونیورسٹی بھرپور مواقع فراہم کر رہی ہے۔
وہ ڈیپارٹمنٹ آف کمیونی کیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز کے تحت نو ہفتے کی انٹرن شپ مکمل کرنے پر سرٹیفکیٹ ڈسٹری بیوشن تقریب میں الحاق شدہ کالجز کی پرنسپلز اور طالبات سے خطاب کر رہے تھے۔
ڈاکٹر ماجد الغفار نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کا شعبہ کمیونی کیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہے اور یہاں سے انٹرن شپ مکمل کرنا نا صرف طالبات کے لئے اعزاز ہے بلکہ ان کی پیشہ ورانہ زندگی کے لئے بھی نہایت مفید ثابت ہوگا۔
اس موقع پر مہمان خصوصی ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومنٹیز پروفیسر ڈاکٹر شاکر اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء و طالبات ملک و قوم کا مستقبل ہیں جنہیں عملی تربیت دے کر معاشرے کا مفید شہری بنانے میں ہزارہ یونیورسٹی اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلبا کے لئے تعلیمی سہولیات اور تربیتی پروگرامز کا دائرہ مزید بڑھاتے ہوئے اس طرح کی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔ اس موقع پر متعلقہ گرلز کالجز کی پرنسپلز اور کورآرڈینیٹرزسمیت کمیونی کیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کوآرڈینیٹرز اور فیکلٹی ممبرز کو یادگاری شیلڈ سے نوازا گیا۔