چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کا بزرگ صحافی رشید جدون کی درخواست پر فوری انکوائری کا حکم

8

ایبٹ آباد : چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس سید محمد عتیق شاہ نے ایبٹ آباد کے بزرگ اور سینئر صحافی رشید جدون کی تحریری درخواست پر فوری انکوائری کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، چیف جسٹس بدھ کے روز اپنے ایبٹ آباد دورے کے موقع پر موجود تھے جب بزرگ صحافی رشید جدون— جو ایک ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو چکے ہیں، نے انہیں اپنے مقدمے میں چھ ماہ سے عدم پیش رفت سے متعلق آگاہ کیا۔

چیف جسٹس نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے موقع پر ہی انکوائری کے احکامات صادر کیے اور متاثرہ صحافی کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

یاد رہے کہ بزرگ صحافی رشید جدون کو 22 رمضان المبارک (23 مارچ) کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت کے باہر ایک تیز رفتار موٹر سائیکل نے ٹکر ماری تھی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے تھے۔ حادثے کے بعد موٹر سائیکل سوار موقع سے فرار ہو گیا، تاہم تھانہ کینٹ میں مدعی کی رپورٹ پر مقدمہ درج کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، ملزم قاضی ایان جس کے پاس نہ قومی شناختی کارڈ تھا اور نہ ہی ڈرائیونگ لائسنس، ضمانت پر رہا ہو چکا ہے جبکہ مقدمہ تاحال زیرِ التوا ہے۔

چیف جسٹس کے نوٹس لینے پر ایبٹ آباد کی صحافتی اور وکلا برادری نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار کے عہدیداران، سینئر وکلا اور مقامی صحافی بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں