اقوام متحدہ کے وفد کی آر پی او ڈیرہ سے سیکیورٹی امور پر اہم ملاقات

25

ڈیرہ اسماعیل خان: آج رینج پولیس آفس ڈیرہ اسماعیل خان میں اقوام متحدہ کے ڈیپارٹمنٹ آف سیفٹی اینڈ سیکیورٹی (UNDSS) کے وفد نے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ڈیرہ، سید اشفاق انور سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد ڈیرہ رینج میں اقوام متحدہ کے مختلف منصوبوں، ان پر کام کرنے والے نمائندوں کی سیکیورٹی صورتحال اور فیلڈ میں درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کرنا تھا۔ اس موقع پر UNDSS کے وفد نے ڈیرہ رینج پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی، امن و امان کے قیام میں کردار اور اقوام متحدہ کے منصوبوں کی مؤثر سیکیورٹی پر پورا اعتماد کا اظہار کیا۔ وفد نے پولیس افسران اور جوانوں کی ہمت، فرض شناسی اور خدمات کو سراہا۔ وفد کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے منصوبوں کی کامیابی میں پولیس فورس کا کردار اہم ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں سیکیورٹی فورسز نہ صرف قانون کی عملداری بلکہ مستقل امن کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ خیبر پختونخوا پولیس نے ماضی سے لے کر آج تک اس حوالے سے ایک مثالی کردار ادا کیا ہے۔ ملاقات کے دوران فیلڈ میں درپیش سیکیورٹی چیلنجز، آپریشنل ضروریات اور بین الاقوامی معیار کے مطابق سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر اور مربوط کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ آر پی او ڈیرہ سید اشفاق انور نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و امان اور عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی پہلی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن اور ترقی کے لیے پولیس اور عوام کے درمیان تعاون ضروری ہے، جبکہ ڈیرہ رینج پولیس اقوام متحدہ کے منصوبوں کے لیے سیکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیرہ میں جاری اقوام متحدہ کے منصوبے نہ صرف عالمی اعتماد کی علامت ہیں بلکہ خطے کی ترقی اور روشن مستقبل کی جانب ایک اہم قدم بھی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں