ختمِ نبوت کانفرنس و طلباء کی دستار بندی کی پروقار تقریب

28

مانسہرہ: ختمِ نبوت کانفرنس و طلباء کی دستار بندی کی پروقار تقریب، ایمان افروز خطابات اور اجتماعی دعا، تفصیلات کے مطابق مانسہرہ مرکزی جامع مسجد میں گزشتہ روز بعد از نمازِ مغرب ختمِ نبوت ﷺ کانفرنس اور طلباء کی دستار بندی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس روحانی اور ایمان افروز محفل میں ممتاز علمائے کرام، طلباء، مشائخ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف دینی رہنما، جانشین خانقاہ سراجیہ میانوالی اور مرکزی امیر جمعیت علماء اسلام پاکستان مولانا خواجہ خلیل احمد تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں تحفظ ختمِ نبوت ﷺ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم ختمِ نبوت ﷺ کے تحفظ کے لیے اپنا مال، جان سب کچھ قربان کرنے کو ہر وقت تیار ہیں۔

نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ خود کو علمائے کرام سے جوڑیں تاکہ ان کے دینی شعور میں اضافہ ہو اور وہ دین اسلام کی صحیح فہم حاصل کر سکیں۔ تقریب کی صدارت مفتی وقار الحق عثمان خطیب دارالعلوم معارف القرآن حنفیہ مرکزی جامع مسجد مانسہرہ نے کی۔

دیگر مقررین نے بھی تحفظِ ناموسِ رسالت ﷺ اور ختمِ نبوت ﷺ کے عقیدے پر مدلل اور پراثر گفتگو کی۔ اس موقع پر جامعہ کے فاضل طلباء کی دستار بندی کی گئی جس پر والدین اور اساتذہ نے خوشی کا اظہار کیا۔ آخر میں مولانا خواجہ خلیل احمد کی سربراہی میں اجتماعی دعا کی گئی جس میں امتِ مسلمہ کی سلامتی، ملک کی ترقی اور ایمان پر استقامت کی دعائیں کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں