لوئر کوہستان : عوام کو انصاف اُن کی دہلیز پر فراہم کرنے کے عزم کے تحت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان لوئر، عبدالسلام خالد نےتھانہ دوبیر کی حدود علاقہ سناگئی دوبیر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
کھلی کچہری کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان قربتوں کو فروغ دینا، پولیس تک عوامی رسائی کو آسان بنانا،عوامی مسائل سے براہِ راست آگاہی حاصل کرنا،جرائم کی روک تھام اور امن و امان کے قیام کے لیے عوامی تعاون کو یقینی بنانا تھا۔
ڈی پی او کوہستان لوئر عبدالسلام خالد ہمراہ ایس ڈی پی او سرکل بنکڈ رانولیاء اورنگزیب خاناور ایس ایچ او دوبیر شیبر خان سناگئی دوبیر پہنچے تو اہلیانِ علاقہ نے اُن کا پُرتپاک استقبال کیا۔
کھلی کچہری میں عمائدین علاقہ، علمائے کرام اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔
شرکاء نے اپنے علاقائی و انفرادی مسائل سے ڈی پی او کو آگاہ کیا۔
ڈی پی او کوہستان لوئر نے اس موقع پر کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں اور منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، انشاءاللہ جلد مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہمنشیات فروشوں، مجرمانِ اشتہاریوں اور کسی بھی مشکوک یا اجنبی شخص کی اطلاع فوراً پولیس کو دیں۔
عمائدین علاقہ نے ڈی پی او کے اس عوام دوست اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع کوہستان لوئر کی عوام امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کیلئے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی اور کوہستان لوئر پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔