ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کا ضلع مانسہرہ کے مختلف تھانوں اور چوکیوں کا اچانک دورہ

63

مانسہرہ : ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کا ضلع مانسہرہ کے مختلف تھانوں اور چوکیوں کا اچانک دورہ — عوامی شکایات کے فوری ازالے، کرائم کنٹرول اور پولیس سہولیات کے حوالے سے اہم ہدایات جاری.

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے ضلع مانسہرہ کے مختلف تھانوں اور چوکیوں کا اچانک دورہ کیا، جن میں سرکل اوگی، تھانہ خاکی، پڑہنا چوکی اور کالج دوراہا چوکی شامل ہیں۔ دورے کا مقصد عوامی سہولت، تھانہ کلچر میں بہتری، پولیس کے نظم و ضبط، اور جرائم کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔

وزٹ کے دوران ڈی پی او مانسہرہ نے تھانوں کا ریکارڈ، درخواستوں اور رجسٹرز کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ محرر سٹاف سے تفصیلات معلوم کیں اور سختی سے ہدایات دیں کہ تھانے آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی، صبر و تحمل اور شائستگی سے پیش آیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی فوری داد رسی اور انصاف کی فراہمی پولیس کا اولین فریضہ ہے، اور کسی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈی پی او مانسہرہ نے تھانوں اور چوکیوں کی حدود میں جرائم کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ لی اور ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور دیگر افسران کو ہدایات دیں کہ چوری، راہزنی، منشیات فروشی اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ٹارگٹڈ آپریشنز کیے جائیں۔

مزید برآں، ڈی پی او مانسہرہ نے تھانوں اور چوکیوں کی بلڈنگز، انفراسٹرکچر، صفائی اور دستیاب سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اہلکاروں کو بہتر ماحول اور سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ مزید جانفشانی اور جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت انجام دے سکیں۔

ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے واضح کیا کہ پولیس اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد کو مضبوط بنانا ہی موثر پولیسنگ کی بنیاد ہے۔ مانسہرہ پولیس جدید پیشہ ورانہ خطوط پر عوام کے تحفظ، انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں