ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ اور فلاحی کاموں، غربت میں کمی اور سماجی بہتری کے لئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم المصطفیٰ ٹرسٹ کے درمیان باہمی تعاون کی یادداشت پر دستخط

51

مانسہرہ : ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ اور فلاحی کاموں، غربت میں کمی اور سماجی بہتری کے لئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم المصطفیٰ ٹرسٹ کے درمیان باہمی تعاون کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان اور المصطفیٰ ٹرسٹ ہسپتال کے ایڈمن آپریشنز حامد رضا نے معاہدے پر دستخط کئے۔

ایم او یو کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان رضاکارانہ خدمات کی فراہمی، طلباء کی صلاحیتوں کے فروغ اور دیگر کمیونٹی سروسز کے لیے مشترکہ سرگرمیوں کے لئے باقاعدہ میکنزم تربیت دینا ہے۔ معاہدے کے تحت ابتدائی طور پر المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ہزارہ یونیورسٹی میں زیر زمین پانی کو پینے کے قابل بنانے کے لئے ریورس اوسموسس پلانٹ لگائے گی۔

جس سے ہزاروں طلباء و طالبات اور ملازمین مستفید ہونگے جبکہ طویل المدتی تعاون میں ماحولیات کی بہتری،شجر کاری، صحت عامہ کی بہتری کے لئے معلوماتی سیشنز کا انعقاد، یونیورسٹی طلباء کے لئے المصطفیٰ ٹرسٹ کے مختلف شعبوں میں انٹرن شپ کے مواقعوں کی فراہمی، تربیتی ورکشاپس اور سیمینارز کا مشترکہ انعقاد اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لئے مشترکہ کاوشیں شامل ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے اس موقع پر کہا کہ ادارے کے ملازمین اس کا اثاثہ ہوتے ہیں جن کی فلاح و بہبود اور انہیں سہولیات بہم پہنچا کر مثبت نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں اور اسی اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے ہزارہ یونیورسٹی اپنے ملازمین کی بہتری اور خوشحالی کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی میں روزانہ اجرت پر کام کرنے والے محنت کشوں کی ماہانہ تنخواہ 15ہزار سے بڑھا کر 30ہزار کر دی گئی ہے جبکہ مزید سہولیات کے لئے بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔وائس چانسلر نے شرکاء کو بتایا کہ ڈھوڈیال میں واقع المصطفیٰ ہسپتال کو یونیورسٹی پینل پر لانے کے لیئے کوششوں کو تیز کیا جا رہا ہے تاکہ یونیورسٹی ملازمین کو مزید بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے ۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی میں میڈیکل کالج کے قیام کے لئے بھی اعلیٰ سطحی مشاورت جاری ہے ۔المصطفیٰ ہسپتال کے ایڈمن آپریشنز حامد رضا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ المصطفیٰ ٹرسٹ پاکستان سمیت دنیا کے 34ملکوں میں انسانی خدمت سمیت دیگر فلاحی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہزارہ یونیورسٹی کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے۔ وائس چانسلر نے المصطفیٰ ٹرسٹ کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی فلاحی منصوبوں اور عوامی مفاد کے ہر منصوبے کو مکمل سپورٹ کرے گی اوراس سلسلے میں تمامتر کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔

اس موقع پر المصطفیٰ ٹرسٹ کے عہدیدران سمیت یونیورسٹی کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ المصطفیٰ ٹرسٹ کی طرف سے یونیورسٹی میں لاکھوں روپے مالیت کے ریورس اوسموسس پلانٹ کی تنصیب کا منصوبہ یونیورسٹی کے گریڈ 1تا16ملازمین کے صدر انتخاب عالم اور گوہر گروپ آف کمپنیز (شمالی) کے پراجیکٹ کوآرڈینیٹر مدثر تاج کی انفرادی کوششوں کا حاصل ہے جنہوں نے المصطفیٰ ٹرسٹ کے ساتھ طویل بات چیت کے ذریعے مذکورہ پلانٹ حاصل کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں