ایبٹ آباد: صوبائی حکومت کے عوامی ایجنڈے، گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت اولڈ تحصیل بلڈنگ ایبٹ آباد میں ریونیو دربار کا انعقاد کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ریونیو سٹاف سے ملاقات کی اور قانون کے مطابق لوگوں کو سروسز کی فراہمی، عملدرآمد، خانہ کاشت سے خانہ ملکیت میں منتقلی، خسرہ گردآوری، ریکارڈ کی درستگی، ریونیو سروسز میں بہتری، کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈ کے لیے حویلیاں اور لورہ کے موضع جات کی شمولیت اور ریونیو سروسز میں بہتری کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔ اسکے علاؤہ ڈومیسائل کی تصدیق کو بھی آسان بنانے کی ہدایت کی گئی۔
اس موقع پر شہریوں اور ریونیو سٹاف کے ریونیو سے متعلق مسائل سنے گئے اور متعلقہ افسران و محکموں کو موقع پر ہی ہدایات جاری کی گئیں تاکہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔ حکومتی ہدایات کے مطابق ریونیو سروسز میں شفافیت اور سہولت کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع بھر میں ریونیو درباروں کا باقاعدہ انعقاد کیا جا رہا ہے۔
ریونیو اسٹاف کی جانب سے عوام کو انتقالات، رجسٹری، ڈومیسائل، فردات اور کاغذات کی درستگی جیسی سروسز کا آسان بنایا جا رہا ہے۔ مزید برآں، فیڈبیک فارم کے ذریعے ہر انتقال و رجسٹری کے عمل کی تفصیلات درج کرنے کا نظام بھی متعارف کرایا جا رہا ہے اور ریونیو سٹاف کی کیٹیگرائزیشن کا عمل بھی جاری ہے۔
ریونیو دربار میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو، تحصیلدار ایبٹ آباد، تحصیلدار سروس ڈیلیوری، نائب تحصیلدار، ڈپٹی ڈائریکٹر سروس ڈیلیوری سینٹر اور دیگر ریونیو اسٹاف نے شرکت کی۔